News 16 May 2018

آئی ایس او کا ملک گیر احتجاج، فضاء مردہ باد امریکہ و اسرائیل سے گونج اٹھی

Rate this item
(0 votes)

 امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی 16 مئی کو یوم مردہ باد ایکہ اور نامنظور اسرائیل کے طور پر منایا گیا۔

 

کراچی،لاہور ،اسلام آباد،ملتان،پشاور،گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام اہم مقامات پر امریکہ مردہ باد ریلیاں نکالی گئیں۔ مقررین نے فلسطین میں تمام بے گناہوں کے خون کا اصل ذمہ دار امریکی صدر کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کے خلاف پرامن مظاہرے میں شریک نہتے فلسطینیوں کا قتل عام ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب یوم نکبہ پر امریکی حکومت اپنا سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے اپنے غیر قانونی اقدام کے بعد جشن منا رہی تھی۔ اقوام عالم پر مسلط کردہ امریکی جنگوں کی ایک طویل فہرست ہے ، جن میں کئے گئے مظالم پرانسانیت آج بھی شرمندہ ہے۔فلسطینی مسلمانوں پر کئے جانے والے اسرائیل مظالم میں بھی امریکہ برابر کا شریک ہے امریکہ ہی عالم اسلام کی مشکلات ذمہ دار ہے بے گناہ فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی نے استعمار کی پاکستان میں نفوذ کو 80 کی دہائی میں ہی درک کر لیا تھا اور انہوں نے اس زمانے میں استعمار کی پاکستان کے خلاف سازشوں کے خلاف آواز بلند کی تھی ۔ اس وقت اگر ہمارے حکمران ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے تو آج عالمی سامراج کے ہاتھوں ہمیں اسی طرح کی سنگین دھمکیوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ اعزاز آئی ایس او پاکستان کو ہی حاصل ہے جس نے سب سے پہلے مردہ باد امریکہ کا نعرہ لگایا اور آج یہ نعرہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی زبان پر بھی ہے۔

آئی ایس او کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان آج بھی ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے میدان میں ہے، انہوں نے کہا کہ آئی ایس او وطن عزیز کی سالمیت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ نکال دیں گے۔ رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی اثرونفوذ کا خاتمہ ضروری ہو چکا ہے اس کے لئے امریکہ کو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے سے بھی نکال باہر کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ کا حصہ بن کر پاکستان کو خانہ جنگی کی آگ میں جھونک دیا ہے، آج ریاست مٹھی بھر دہشت گردوں کے سامنے بے بس دکھائی دے رہی ہے، جبکہ دہشت گردوں کے سرپرست حکومتی صفوں میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ایجنٹ پاکستان میں پھیلے ہوئے ہیں آئے روز ریمنڈڈیوس کی طرح کوئی نہ کوئی پکڑا جاتا ہے لیکن ہمارے بے حس اور امریکی غلام حکمران انہیں رہا کر کے باعزت طریقے سے امریکہ بھجوا دیتے ہیں۔آئی ایس او کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام امریکی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہو جائیں، انہوں نے کہا کہ جب تک پوری قوم متحد نہیں ہو گی ہمارے اوپر کالے انگریز مسلط رہیں گے جو ملک کے لئے مفید ہیں نہ عوام کے لئے، ان کی پالیسیاں امریکی مفادات کے گرد گھومتی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو دہشت گردی کی اپنی جنگ میں گھسیٹ کر غیرمستحکم کرنے کی کوشش کی جو پاکستان میں داعش کی راہ ہموار کرنے کی امریکی اورہندوستانی سازش کا حصہ ہے۔ امریکہ نے عالمی امن کی آڑ میں افغانستان، عراق اور شام سمیت متعدد مسلم ممالک میں کروڑوں بیگناہ انسانی جانوں کو موت کی وادی میں دھکیل دیا ہے۔ امریکی فوج جنگی جرائم کا برملا ارتکاب کرتی آئی ہے۔

رہنماوں کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں دہشتگردی کا بنیادی سبب امریکہ ہے جس نے داعش اور طالبان جیسی عالمی دہشت گرد تنظیموں کی تشکیل کی ہے۔ عالمی برادری اپنی طویل خاموشی کو توڑ کر غاصبانہ قبضے کے خاتمے اور فلسطینیوں کے حقوق کی بازیابی کو یقینی بنائے- ۔مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کئے اور فضا مردہ باد امریکہ اور مردہ باد اسرائیل کے نعرو ں سے گونجتی رہی۔

Read 212 times
Last modified on 19 May 2018
News Desk

Email This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

Picture Gallery